نئی دہلی، 15 نومبر (آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے پیر کوسینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ڈائرکٹرس کی میعاد میں توسیع کے آرڈیننس پر مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سرکاری اداروں کا غلط استعمال اور اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے اس اقدام کا استعمال کیا گیا تھا۔پارٹی کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 29 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے 15 دن پہلے آرڈیننس لانا پارلیمنٹ کی توہین ہے۔قابل ذکر ہے کہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ڈائریکٹرز کی میعاد موجودہ دو سال کے بجائے زیادہ سے زیادہ پانچ سال تک ہوسکتی ہے۔ حکومت نے اتوار کو اس سلسلے میں دو آرڈیننس جاری کئے ہیں۔سنگھوی نے نامہ نگاروں سے کہاکہ بی جے پی حکومت جان بوجھ کر اداروں کی ساکھ کو گرا رہی ہے اور اپنے لیے تحفظ پیدا کر رہی ہے۔ مدت میں توسیع کا مطلب یہ ہے کہ مودی حکومت کو آرڈیننس کے ذریعے یہ حق مل رہا ہے کہ وہ پانچ سال کیلئے عہدے پر فائز شخص کی میعاد میں ایک ایک سال کی توسیع کرے۔ اس کا مقصد اداروں کو کنٹرول کرنا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے اس اقدام سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی بے عزتی کی ہے۔ یہ سب ایجنسیوں کے غلط استعمال کے لیے کیا گیا ہے، آپ نے اگلے چند سالوں کیلئے اپنا ارادہ بیان کر دیا ہے۔